رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت بدلنے سے عوام کا مقدر نہیں بدلا، نئی حکومت عوام کو تکلیف نہیں ریلیف دے، پی ٹی آئی کی حکومت اعلانات پر اکتفا کی بجائے اقدامات کرے، عوامی مسائل کے حل کیلئے روایتی نہیں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو بھارت کی پاکستان میں مداخلت سے آگاہ کیا جائے۔ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ بھی اٹھایا جائے، اقوام متحدہ پر گستاخانہ کلچر کیخلاف موثر قانون سازی کیلئے دباؤ ڈالا جائے، قانون ناموس رسالت میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ کرپشن کے مقدمات کے فیصلے جلد ہو سکیں، اس وقت 26 احتساب عدالتوں میں 1210 ریفرینسز زیر سماعت ہیں، کرپشن کے مقدمات کے بروقت فیصلوں سے ملک کو 688 ارب روپے مل سکتے ہیں، چیف جسٹس احتساب عدالتوں کو مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت جاری کریں۔
لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ایران میں ملٹری پریڈ پر حملہ قابل مذمت ہے، ایران کو امریکہ کے سامنے ڈٹ جانے کی سزا دی جا رہی ہے، امریکہ کی غنڈہ گردی عالمی امن کیلئے شدید خطرہ ہے، استعماری طاقتوں کی مزاحمت کیلئے امت مسلمہ کا اتحاد ضروری ہے، پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگانے والے امریکہ اور بھارت اپنے گریبان میں جھانکیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، پاک افغان تعاون خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہے، افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان دشمن دہشتگردوں سے پاک کرے، بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، امریکہ اور بھارت مل کر پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔/۹۸۸/ن۹۴۰/