رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ العروة الوثقیٰ لاہور میں خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور چھٹے تاجدار امامت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن صادقین کے موقع پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں معروف نعت خوان سید مقدس کاظمی اور دیگر نے نعت رسول مقبول اور منقبت پیش کرنے کی سعادت حاصل کرکے اہل اسلام کے ایمان تازہ کر دیئے۔ اس موقع پر تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی، علامہ مرزا یوسف حسین اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرور کائنات سے محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سنی شیعہ مشترکہ محافل سے دوریاں ختم کر سکتے ہیں۔
رہنماؤں نے وحدت کے ماحول کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے فرقوں کے درمیان مشترکات کو فروغ دیا جائے، جس کیلئے توحید، نبوت، قبلہ اور قرآن مجید بہترین مثالیں موجود ہیں۔ قاضی احمد نورانی نے کہا کہ علامہ سید جواد نقوی کی اتحاد امت کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں، پاکستان وحدت کیلئے اس سے قبل ایسی کوششیں نہیں ہوئیں جو علامہ سید جواد نقوی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اہلسنت علامہ سید جواد نقوی کی ان کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے ہمقدم ہیں۔
علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ استعمار کی کوشش ہے کہ مسلم امہ کو منتشر کر دیا جائے، یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کو پہلے فرقوں میں تقسیم کیا گیا، پھر فرقوں کے اندر گروہ بنائے گئے، یعنی تقسیم در تقسیم کا عمل کرکے امت کا شیرازہ بکھیرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک خدا، ایک رسول، ایک کتاب ایک قبلہ کے ماننے والے ہیں اگر ہم صرف ان چاروں (اللہ، رسول، کتاب، قبلہ) پر متحد ہو جائیں اور متنازع امور کو زیر بحث نہ لائیں تو استعماری سازشین ناکام ہو سکتی ہیں، اس مقصد کیلئے ہر شخص کو انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ اتحاد امت کیلئے علماء بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں، علماء اپنے اپنے پیروکاروں کو وحدت کا درس دین تو امت متحد ہو سکتی ہے۔ تقریب میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے بچوں نے بھی بارگاہ رسالت (ص) میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰