رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ سید احمد اقبال احمد رضوی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو ایڈ نہیں ایڈز دی ہے، جنرل قاسم سلیمانی اسلام اور انسانیت کی بات کرتے تھے، امریکہ پاکستان سمیت مشرق وسطٰی کا دشمن ہے، پاکستان کی سالمیت مشرق وسطٰی کے ساتھ منسلک ہے، اگر ایران و افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان بھی پرامن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ احمد اقبال رضوی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا یوں ساتھ بیٹھنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم پاکستان کے لئے متحد ہیں اور اسلام کے لئے بھی متحد ہیں، امریکہ نے عراق میں صدام حسین پر جھوٹا الزام لگا کر وہاں حملہ کیا، امریکہ کی وجہ سے آج ہمارے ملک میں تفرقہ بازی ہے، جس معاشرے کے اندر انسانیت کو پامال کیا جائے وہ معاشرہ یقینی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچتا ہے، اور وہاں کے لوگوں میں ایک خلاء پیدا ہو جاتا ہے، امریکہ کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ اسلام ہے، اس اسلام میں شیعہ، سنی، وہابی سب شامل ہیں، بس ہمیں ایک سنجیدہ ارادے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی ذات سے نکل کر اکٹھے ہونا چاہیئے اور طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنا چاہیئے۔/۹۸۸/ن