رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی 41 ویں سالگرہ کی مناسبت سے آج ملک کے تمام حصہ میں جشن منایا جا رہا ہے اور مظاہرہ میں امریکا و اسرائیل و سامراج کے خلاف نعرہ لگایا جا رہا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں اور دیہاتوں میں نقلاب اسلامی کی کامیابی کی 41 ویں سالگرہ قومی جوش و ولولہ اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے اس موقع پر عظیم الشان ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اس مناسبت سے مختلف شعبہ ہائے زندگی اور قوموں سے تعلق رکھنے والے ایرانی عوام آج صبح سویرے ہی سڑکوں پر نکل آئے جبکہ صبح 9 بجے ملک گیرریلیوں کا آغازہوا جن میں لاکھوں کی تعداد میں ایرانی مرد،عورتیں ،بچے اور بوڑھے سبھی شریک ہیں۔
ایران بھر میں قریب ایک ہزار چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں ہونے والی تقریبات اور ریلیوں میں حکومتی ارکان، مسلح افواج کے عہدے دار، علمائے کرام، مذہبی رہنما اور اہم شخصیات بھی شریک ہیں.
ریلی کے شرکاء مسلمانوں اتحاد و بھائی چارے کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ انقلاب اسلامی اور اسکی قیادت کے سے اپنی وفاداری کا اعلان کر رہے ہیں اور ساتھ ہی امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا رہے ہیں۔
اس حوالے سے بڑی تقریب تہران کے آزادی اسکوائرمیں ہوگی جہاں صدر مملکت حسن روحانی ریلی کے اختتام پرعوامی اجتماع سے خطاب کریں گے.
حال ہی میں رونما ہونے والے چند اہم واقعات منجملہ سردار اسلام جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اور اسکے بعد ایران کی انتقامی کارروائی نے اس سال ایرانی عوام میں خاصا جوش و ولولہ پیدا کردیا ہے جس کے پیش نظراس سال جشن انقلاب کی ریلیوں میں گزشتہ برسوں کی نسبت زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے۔
دنیا بھر میں حریت پسندوں کے لئے سنگ میل سمجھے جانے والے اسلامی انقلاب کا جشن ایران کے علاوہ بعض دیگر ممالک میں بھی بڑے بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ایران کے اسلامی نظام سے عقیدت رکھنے والے لوگ پاکستان، ہندوستان، عراق، لبنان اور افغانستان سمیت مختلف اسلامی اور دوسرے ممالک میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کرکے اسلامی انقلاب کے ساتھ اعلان یکجہتی کرتے ہیں۔ایران میں منایا جانے والا جشن انقلاب دس دنوں پر مشتمل ہوتا ہے جسے عشرہ فجر کے عنوان سے یاد کیا جاتا ہے۔
یکم فروری انیس و اناسی کو بانی انقلاب اسلامی پندرہ سالہ جلاوطنی کے بعد ایران تشریف لائے تھے اور اسکے ٹھیک دس دن کے بعد یعنی گیارہ فروری انیس و اناسی کو ایران کا اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
بلاشبہ آج 22 بھمن یعنی 11 فروری پوری ایرانی قوم ، آزاد منش انسانوں اور حریت پسندوں کے لیے خوشی و مسرت کا دن ہے کیونکہ اس روز ایران نے ایک ظالم اور سامراجی حکومت سے آزادی حاصل کی تھی۔
ایرانی شمسی مہینہ بہمن در حقیقت اسلام، قرآن ، مسلمانوں اور مستضعفیں کی عزت و وقار کا مہینہ ہے یہ مہینہ امریکہ نواز بادشاہوں کی بادشاہت کے خاتمہ کا مہینہ ہے۔
یہ مہینہ استقلال، آزادی اور استقامت کا مہینہ ہے۔ اس مہینہ میں انقلاب اسلامی کے شجرہ طیبہ کو عظیم اور تاریخی کامیابی نصیب ہوئی۔
ایران کی فضائیں ایک بار پھر امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج رہی ہیں۔ انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پرایران میں ہزار ملکی اور غیر ملکی نامہ نگار خبریں نشر کرنے کے لئےموجود ہیں۔ تہران کی عظيم الشان ریلی میں عوام مختلف راستوں اور سمتوں سے آزادی اسکوائر کی جانب رواں دواں ہیں۔