18 February 2020 - 20:39
News ID: 442134
فونت
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین :
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں خودکش دھماکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ کو ناکام بنانے کی سازش ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں خودکش دھماکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ کو ناکام بنانے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنا عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے، پاک فوج نے قربانیاں دے کر بلوچستان میں امن قائم کیا ہے، سول ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

لاہور میں پیر معاذالمصطفی کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ کا خطرہ ٹل جانا خوش آئند ہے، اقتدار کے کھیل کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا ہے، سیاسی میچ حکومت کے ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ حکومت کیلئے بڑا چیلنج بن گیا، اسمبلیوں میں گالی گلوچ کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دی جائے، کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کے دن کا چین اور رات کا سکون چھین لیا ہے، مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مصنوعی اور نمائشی نہیں حقیقی اور انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت کا ریلیف پیکج مہنگائی کی کمر نہیں توڑ سکے گا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات تک ملک ترقی نہیں کر سکتا اور نہ ہی عوام خوشحال ہو سکتی ہے، بحرانوں پر قابو پانے کیلئے گڈ گورننس کی ضرورت ہے، سخت سزاؤں کی قانون سازی سے بچوں کیساتھ زیادتی جیسے جرائم کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پھانسی کے مخالفین کو درندوں کے حقوق تو یاد آتے ہیں لیکن معصوم بچوں کے حقوق بھول جاتے ہیں، حکومت معیشت کی بیماری کی درست تشخیص کئے بغیر فرضی علاج پر گزارا کر رہی ہے، بے لگام مہنگائی سے پورا ملک پریشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مافیاز کی سرکوبی کرنے میں ناکام نظر آتی ہے، حج مہنگا کرنے کا حکومتی فیصلہ ناقابل قبول ہے، ریاست مدینہ کی بات کرنیوالوں نے حج مہنگا کرکے حج جیسی اہم عبادت کو مشکل بنا دیا ہے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬