رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نےاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش کے نام ایک مراسلے میں ایران مخالف امریکہ کی یکطرفہ اور ظالمانہ پابندیاں ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کے ترجمانِ وزارت خارجہ سید عباس موسوی کے ایک ٹوئیٹ کے مطابق، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک مراسلے میں کورونا بیماری کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مراسلے کی کاپیاں عالمی اداروں کے سربراہوں اور تمام ممالک کے وزرائے خارجہ کو روانہ کی گئی ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے جمعرات کی صبح اپنے ٹوئیٹ میں بتایا تھا کہ ایران کے سینٹرل بینک نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ام اف سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
آئی ام اف کے سربراہ کرسٹالینا گئورگیوا نے ابھی حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کورونا وائرس کے شکار ممالک کے لئے پچاس ارب ڈالر کے ہنگامی امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا ۔