رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کہا ہے کہ متنازعہ بنیاد اسلام بل کی حقیقت اور اس کے پیچھے خوفناک و مذموم مقاصد کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ سنی، شیعہ علماء نے فرقہ واریت پھیلانے کی مذموم سازش کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر اب بھی اشتعال پیدا کرنے کے لئے فرقہ پرست مولویوں کو ٹیلی فون کر رہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سنجیدہ سیاستدانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی طرف سے فرقہ واریت پھیلانے کی سازش افسوسناک ہے۔ دھوکہ دہی سے متنازعہ بل منظور کرانے کی سازش کو پنجاب اسمبلی کے ارکان نے خود ہی بے نقاب کر دیا ہے۔ حتیٰ کہ جنہوں نے مقدس نام کی آڑ میں پیش کئے گئے متنازعہ بل کی لاعلمی میں حمایت کی تھی، انہوں نے بھی ایوان میں معافی مانگ لی ہے۔
علامہ افضل حیدری نے وزیراعظم عمران خان، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر قانون راجہ بشارت کی طرف سے بل کے حوالے سے یقین دہانی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ جب سے متنازعہ بل منظر عام پر آیا ہے، ملک میں فرقہ وارانہ فضا افسوسناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کا فائدہ ملک دشمن عناصر اٹھائیں گے۔ محرم الحرام سے پہلے متنازعہ بل کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو خراب کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ ہم غافل نہیں، ملت جعفریہ بیدار ہے، فرقہ پرستوں کی سازشوں کو پہلے بھی ناکام بنایا تھا، آئندہ بھی ملک دشمن عناصر ناکام ہوں گے۔ ملک دشمن عناصر کی گندی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، ان شاء اللہ ناکامی و نامرادی دشمن اہل بیت (ع) کا مقدر ہوگی۔/