رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر فرانسیسی جریدے میں محسن انسانیت، سرور کائنات حضرت محمد(ص) کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف آج پاکستان بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں اور تمام مساجد کے خطبہ نماز جمعہ میں شدید احتجاج کیا گیا اور احتجاجی ریلیاں و مظاہرے کئے گئے نیز فرانسیسی جریدے کے خلاف گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرار دادیں پاس کی گئی ۔
اس رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے صحافیوں کو بتایا کہ فرانسیسی جریدے میں شائع ہونیوالے گستاخانہ خاکوں پر جمعہ کو اسلام آباد ، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، جھنگ،لیہ، مظفر گھڑھ، فیصل آباد ، حیدرآ باد ، جامشورو، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص ، سانگھڑ، مٹیاری، ہالہ، سعید آباد، نوابشاہ ، خیر پور،لاڑ کانہ، شکار پور، ڈیرہ غازی خان،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شان رسالتؐ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔
اس موقع پر مظاہرین گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور پینا فیلکس اُٹھائے ہوئے تھے، جس پر فرانسیسی جریدے کے خلاف نعرے درج تھے۔
حجت الاسلام واحدی نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا: فرانسیسی جریدے نے اہانت کر کے اپنی جہالت کا ثبوت دیا ہے، او آئی سی اور اقوام متحدہ بھی اپنا کردار ادا کرے ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ فرانسیسی جریدے کی اس گستاخی سے صرف مسلمانوں کی ہی نہیں بلکہ ہر اس شخص کی دل آزاری ہوئی ہے جو انسانیت سے محبت کرتا ہے کہا: حضور اکرم(ص) کا اسوہ حسنہ تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے اور اسلام نے احترام انسانیت و امن و آشتی کا درس دیا ہے۔
سرزمین پاکستان کے اس شیعہ عالم دین نے اس بات کی تاکید کرتے ہوئے کہ فرانسیسی جریدے کی اہانت آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ انتہاء پسندی اور جہالت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہا: اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے، جبکہ یو این او سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انبیائے کرام (ع) کے تقدس کیلئے قانون سازی کرے ۔ نیز او آئی سی بھی اپنی معنی خیز خاموشی کو چھوڑ کر ان معاملات میں اپنا کردار ادا کرے ۔