رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان مرکزی سرپرست سیدہ سدرہ نقوی نے گذشتہ روز بھکر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جامعۃ فاطمۃ الزھرا کوھاوڑ کلاں میں طالبات کے ساتھ خطاب میں کہا: خدا کے نزدیک مقام و منزلت پانا چاہتی ہیں تو تقویٰ کا راستہ اپنانا ہوگا ۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول(ص) سے کیا گیا بعد ازاں ترانہ امام زمانہ(عج) پڑھا گیا اور پھر محترمہ سیدہ سدرہ نقوی نے طالبات سے خطاب فرمایا اور جے ایس او طالبات پاکستان کو اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا ۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ قائد ملت جعفریہ حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی راہ اہل بیت(ع) سے متمسک ہیں کہا: ملت تشیع بھی اسی راستے سے متمسک ہوجائے ۔
جے ایس او طالبات پاکستان کی مرکزی سرپرست نے قرآن کریم کی آیہ مبارکہ «ان اکرمکم عند اللہ اتقاکم» کی تفسیر کرتے ہوئے کہا: یہ آیت تقاضا کرتی ہے کہ اگر آپ خدا کے نزدیک مقام و منزلت پانا چاہتی ہیں تو آپ کو تقویٰ کا راستہ اپنانا ہو گا اور تقویٰ کا راستہ اہل بیت(ع) کا بتایا ہوا راستہ ہے ۔
انہوں نے اپنے سفر بھکر کے مقصد کی جانب اشارہ کیا اور کہا: وہ خاص طور پر اس مقصد سے بھکر تشریف لائی ہیں کہ قوم کی بیٹیوں کو ایک فورم پر جمع کریں ۔