رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کراچی زون کی شب تربیت سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ملکوں میں انتشار کے پیچھے عالمی قوتوں کی ناپاک سازشیں کار فرما ہیں، تفرقہ بازی اور ذاتی مفادات کے لئے جدوجہد مسلمانوں کے لیے نقصان دہ ہے، اسلام دشمن قوتیں غلبہ اسلام کی تحریکوں کو روندنا چاہتی ہیں، دشمنوں کی رکاوٹوں کے باوجود اللہ نے پہلے سے بڑھ کر مسلمانوں کو راستے دیئے، معاشرے میں مثبت تبدیلی دعوت و خدمت کے ذریعے ممکن ہے، کارکنان اللہ کے عطا کردہ انعامات پر شکر ادا کرتے ہوئے دعوت و خدمت کا دائرہ مزید وسیع کریں۔
تربیتی پروگرام سے عالم دین شیخ عبدالعزیز، جامعہ الدارسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی، جماعۃ الدعوۃ کے رہنما عبداللہ غازی اور حافظ محمد امجد نے بھی خطاب کیا۔
تربیتی پروگرام میں شہر بھر سے جماعۃ الدعوۃ کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی پسند اور مفادات کی بنیاد پر گروہ بندی عالم اسلام کے لئے نقصان دہ ہے، موجودہ دور میں تفرقہ بازی سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، صرف رضائی الٰہی کی خاطر جدوجہد کرنا ہر دور میں مسلمانوں کا لائحہ عمل رہا ہے، جماعۃ الدعوۃ عوامی شعور کی بیداری کے لئے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دے رہی ہے، نوجوان بھی احیائے اسلام کے لئے اپنی صلاحتیں صرف کریں۔/۹۸۹/ ف۹۴۰