رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے سیکرٹری تعلیم علی رضا نے لاہور میں ایک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں آئی ایس او پاکستان کے ادارہ بولڈ کے اشتراک سے پنجاب بھر میں پانچویں سے آٹھویں کلاس کے طلباء و طالبات کا سالانہ "امتحان سے پہلے امتحان" منعقد کیا جائے گا۔
پانچویں اور چھٹی کلاس کے طلباء کو عارفہ کریم لیول جبکہ ساتویں اور آٹھویں کلاس کے طلبہ کو شہید اعتزاز حسن لیول قرار دیتے ہوئے جنرل سائنس مضمون کا ٹیسٹ کل لاہور کے مخلتف مقامات میں منعقد ہوگا جس میں 300 سے زائد طلباء و طالبات کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
علی رضا نے بتایا کہ جنرل سائنس کے ٹیسٹ میں پوزیشن ہولڈرز میں قیمتی انعامات تقسیم کئے جائیںگے جبکہ شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے۔
علی رضاء نے شرکاء کو بتایا کہ ٹیسٹ کا انعقاد لاہور سمیت راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، سرگودھا کے تمام یونٹس میں منعقد ہوگا جس میں سینکڑوں طلبہ شریک ہونگے۔
علی رضا کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان میں طلبا کی تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہے، تعلیم و تربیت ہی آئی ایس او کی بنیادی و اولین ترجیحات میں شامل ہے، تنظیم کے تحت ملک بھر میں سی ایس ایس سیمینارز، پری بورڈ امتحانات اور آئی ایس او کے تعلیمی کنونشن سمیت کیریئر گائیڈنس سیمینارز کا انعقاد طلبہ کی علمی میدان میں رہنمائی کے ذریعہ ہیں تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰