ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن اور پاکستان مسلم لیگ نون فیصل آباد کے رہنما شیخ یوسف نے کہا ہے کہ پارا چنار میں دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی، آپریشن ضرب عضب کے دوران ملک دشمن عناصر ملک کا بال بھی بیکا نہیں کر سکیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ایسے حملے ملکی ترقی کو روکنے کے لئے ہیں، جن میں وہ کامیاب نہیں ہوسکیں گے، ملک کے استحکام اور تحفظ کیلئے قوم بیدار ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج اور دھرنوں کی پالیسی فلاپ ہونے کے بعد بوگس الزامات اور منفی پروپیگنڈہ کے ذریعے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت مخالفین کو ہر محاذ پر شکست دیکر نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، بلکہ آئندہ عام انتخابات میں بھی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی پالیسیاں عوام کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کا ہر محب وطن شہری اس نظریاتی جماعت پر ہی اعتماد کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلے احتجاج اور دھرنوں کے ذریعے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کی سازش کی، اب پانامہ لیکس ایشو کا سہارا لے کر حکومت کو گرانے کی سازش کر رہی ہے، پاکستان کے غیور عوام جانتے ہیں کہ شریف برادران کا دامن صاف ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰