رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے سندھ بھر میں عیدالفطر کی نماز سیاہ پٹیاں باندھ کر ادا کی گئی، جبکہ شہدائے سانحہ پاراچنار اور ان کے لواحقین کے غم میں شریک ہوتے ہوئے نماز عید میں مذمتی تقاریر اور قراردادیں پیش کی گئیں، جس پر شرکاء نے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر حمایت کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن یونٹ چانڈیہ گوٹھ قاسم آباد میں اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے چئیرمین انجنئیر سید حسین موسوی کی اقتداء میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی، جس کے بعد خطاب کرتے ہوئے حسین موسوی نے کہا کہ جب تک قوم اتحاد قائم نہیں کرتی، کمزور رہے گی، اور کمزور کی کوئی داد فریاد نہیں سنتا، ہمیں علمی، عملی اور اقتصادیات کے شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا، جس سے ترقی کے راستے ہموار اور مسائل ختم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطن عزیز میں سعودی نواز دہشتگردوں کی خونخوار کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، سیکوریٹی فورسز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محب وطن پاکستانیوں کے شہر پاراچنار کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پہ نہ چھوڑا جائے۔
اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری پسند رضوی نے نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس غم اور مشکل گھڑی میں ہم شہداء اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور ان کا بھرپور ساتھ دینگے، اس موقع پہ علم و عمل تحریک کے مرکزی صدر ثابت علی ساجدی بھی موجود تھے۔ اے ایس او کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے لاڑکانہ میں سیاہ پٹی باندھ کے عیدالفطر کی نماز ادا کی اور نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں امریکی سرپرستی میں بننے والے سعودی اتحاد کے بعد ہونیوالی دہشتگردی انتہائی قابل مذمت ہے، دہشتگرانہ واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ اے ایس او کے مرکزی جنرل سیکریٹری غلام سرور سومرو نے بوزدار وڈا خیرپور میں سیاہ پٹی باندھ کے نماز ادا کی۔ درایں اثنا سندھ بھر میں اصغریہ علم و عمل تحریک اور اصغریہ اسٹوڈنٹس کے تمام کارکنان نے سیاہ پٹی باندھ کے نماز عیدالفطر ادا کی، جس میں حیدرآباد، مٹیاری، نوابشاہ، مورو، نوشہرو فیروز، کنڈیارو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، کے این شاہ، جامشورو، میرپورخاص، بدین اور دیگر شہروں میں یوم سوگ اور عید سادگی سے منائی جا رہی ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰