رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے ٹیلی ویژن چینل المیادین کی رپورٹ کے مطابق یمنی فورسز نے صوبہ المخا کے ساحل پر سعودی اتحاد کی ایک جنگی کشتی کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ ابھی تک اس کے جانی اور مالی نقصان کے حوالے سے رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ اس سے قبل بھی یمنی فورسز کم سے کم سعودی عرب سے متعلق دس جنگی کشتیوں کو نشانہ بنا چکی ہیں ۔
دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے العسیر میں 3 سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
در ایں اثنا یمن کی مشترکہ فوج اور ملک کے مفرور اور مستعفی صدرعبد ربہ منصور ہادی کے آلہ کاروں کے درمیان چوتھے روز بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
یمن کی مشترکہ افواج نے شمال مشرقی یمن میں مفرور صدر کے حامیوں کے دو حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
ان جھڑپوں میں جارح فوج کا ایک کمانڈر عبد اللہ احمد شعلان اور دیگر کچھ ایجنٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
ادھر آل سعود کے جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے حجہ میں میدی اور حرض شہر پر شدید بمباری کی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب یمن میں اپنی کٹھ پتلی حکومت کے قیام اور یمن کے مفرور اور مستعفی صدر عبد ربہ منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانے کے لئے گزشتہ دو برس سے یمن پر حملے کر رہا ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد شہید اور زخمی اورلاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں ۔/۹۸۸/ ن۹۴۰