08 November 2017 - 23:52
News ID: 431722
فونت
ایرانی صدر مملکت:
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہےکہ امریکہ اور اسرائیل ہمیشہ علاقے کی اقوام کے بدخواہ اور دشمن رہے ہیں جو علاقے میں موجود رہنے اور اپنا تسلط جمانے کے لئے بہانہ تراشی کرتے ہیں تاکہ علاقے کی دولت اور تیل کی ثروت لوٹ سکیں۔
حسن روحانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز اپنی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ مغرب کی بڑی طاقتیں ہمیشہ علاقے میں ملکوں اور قوموں کے درمیان اختلاف و تفرقےکے درپے رہی ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ علاقے کے بعض ملکوں کے حکام اس حقیقت کو سمجھتے ہوئے علاقے کی قوموں میں اتحاد و یکجہتی کا راستہ اختیار کریں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ علاقے کے ملکوں خاص طور سے سعودی عرب کو تباہی کی طرف لے جانے میں خاص مہارت رکھتا ہے تاکہ مختلف قسم کے ہتھیار فروخت کر کے علاقے میں جنگ کی آگ بھڑکانے کا عمل جاری رکھ سکے-

انھوں نے علاقے کے مختلف ملکوں منجملہ عراق، شام اور یمن کی قوموں سے سعودی عرب کی دشمنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، علاقے کی قوموں کے لئے خیرخواہی کے علاوہ اور کچھ نہیں چاہتا اور وہ پورے علاقے منجملہ عراق، یمن، شام اور یہاں تک کہ سعودی عرب میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقے کی قوموں پر جارحیت و بمباری کا سلسلہ بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایران کی مداخلت کا بے بنیاد دعوی ایسی حالت میں کیا جا رہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق اور شام کی قانونی حکومتوں کی درخواست پر اور دہشت گردی کے خلاف مہم کے دائرے میں ان ملکوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں داعش دہشت گرد گروہ کو ناکام بنایا جاسکا۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سعودی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تم سمجھتے ہو کہ ایران تمہارا دوست نہیں ہے اور امریکہ و اسرائیل تمہارے دوست ہیں تو یہ تمہاری نادانی اور بہت بڑی غلط فہمی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ سعودی حکام علاقے کی قوموں سے دشمنی برتنے سے باز آجائیں گے اور دوستی و مفاہمت کے راستے کا انتخاب کریں گے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬