رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وسطی ایران کے شہر اراک میں عوامی رضاکار فورس بسیج کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علی فدوی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی، شام کی حکومت کو ختم کرنا چاہتے تھے لیکن اسلام کے سپاہیوں کی طاقتور موجودگی نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ سامراجی طاقتیں تکفیری گروہوں کے ذریعے خطے میں اپنے اثر و نفوذ میں اضافے اور سامراجی تسلط کو پھیلانے کی کوشش کر رہی تھیں لیکن ایران کی عظمت و طاقت نے ان کا راستہ روک دیا ہے۔
ایڈمرل فدوی نے اسرائیل کے مفادات کے تحفظ اور خطے کے توانائی کے ذخائر پر قبضے کو خلیج فارس میں امریکہ کی ریشہ دوانیوں کی اہم وجہ قرار دیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ آج ایران کی طاقت اور اقتدار اس مرحلے میں پہنچ گیا ہے کہ دشمن قوتیں اس کے سامنے بند باندھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰