رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی زیر صدارت اجلاس میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ اسلام تمام مذاہب کے وجود کو تسلیم کرتا ہے اور اسلامی ریاست میں غیر مسلم اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام طبقات کا اس سرزمین پر حق ہے اور انہیں اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی اجازت دین اسلام اور آئین پاکستان بھی دیتا ہے۔ اقلیتوں کیخلاف ہونیوالی دہشتگردی کا تعلق پاکستان میں بسنے والی اکثریت مسلمانوں کی وجہ سے نہیں، بلکہ عالمی سطح پر جاری دہشتگردی کی وجہ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ، پشاور اور لاہور میں گذشتہ چند سالوں میں گرجا گھروں پر حملے کئے گئے، ان کا تعلق مذہب کی وجہ سے نہیں، بلکہ امریکہ کی طرف سے پھیلائی جانیوالی دہشتگردی سے ہے تاکہ ملک میں بدامنی کا تاثر دیا جا سکے۔
پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ دہشتگردی کی لہر میں مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اولیا، اور مدارس پر بھی حملے ہو چکے ہیں، اس لئے اقلیتی عبادت گاہیں ہی نہیں تمام مقدس مقامات اور مارکیٹیں دہشتگردوں کا ہدف بنتی رہی ہیں، کیونکہ دہشتگرد آسان ہدف کی تلاش میں ہوتا ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہو۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جمعیت علما پاکستان عنقریب اپنے اقلیتی ونگ کا باقاعدہ اعلان کرے گی، اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰