رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 20 جنوری کو مشائخ کا اجتماع گیم چینجر ثابت ہوگا، جنرل ضیاء کی باقیات کے دن گنے جا چکے ہیں، شہباز شریف کے استعفے کے بغیر سانحہ ماڈل ٹاؤن کا فیئر ٹرائل نہیں ہو سکتا، نواز شریف نے ملک دشمنوں کا بیانیہ اپنا لیا ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ ن لیگی حکومت نے جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت مسلط کر رکھی ہے، پیر سیال شریف ختم نبوت کے غداروں کو عبرت ناک انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شریفوں نہیں غنڈوں کی حکومت ہے، خادم پنجاب مردان کی عاصمہ کا واویلا کرکے اپنی نااہلی چھپا نہیں سکتا، زینب اور عاصمہ سمیت تمام مظلوموں کو انصاف ملنا چاہیئے، عمران خان اور زرداری اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کریں، شیخ رشید کے قومی اسمبلی سے استعفی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے کامیاب جلسے نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، جاتی امرا کا شیخ مجیب ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے مقدس خون نے اپوزیشن کو متحد کر دیا ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد سے حکومت پر گھبراہٹ طاری ہے۔ 20 جنوری کو لاہور میں عاشقان رسول کا میلہ لگے گا۔
انہوں نے بیان کیا کہ داتا دربار اجتماع میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ اجتماع کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ پیر سیال شریف لاہور کے اجتماع میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کرپشن کے دو پہاڑ ہیں۔ نیب کا شہباز شریف کو طلب کرنا خوش آئند ہے۔ شیخ رشید کے قومی اسمبلی سے استعفی دے کر قومی امنگوں کی ترجمانی کی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/