رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری ہونے والے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ انہیں مسافر طیارے کے حادثے میں اپنے ہم وطنوں کی موت کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے تعزیتی پیغام میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمددری کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل اور اجر جزیل اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے رحمت و مغفرت کی دعا کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نےبھی مسافر بردار طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔
ایوان صدر سے جاری ہونے والے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ انہیں طیارہ حادثے میں اپنے ہم وطنوں کی موت پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔
روس کے صدر ولادی میر پوتین نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر پارلیمنٹ ڈاکٹر علی لاریجانی اور دیگر اعلی حکام نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کا ایک مسافر بردار طیارہ اتوار کی صبح تہران سے یاسوج جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام چھیاسٹھ مسافر اور عملے کے افراد جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ موصولہ رپورٹوں کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران سے یاسوج کیلئے اڑان بھرنے والا طیارہ سمیرم کے پہاڑی علاقے میں آج صبح سانحہ کا شکار ہوا۔ بد قسمت طیارہ تہران سے یاسوج جارہا تھا۔
امدادی ٹیمیں حادثے کی جگہ پر روانہ کردی گئیں تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ طیارے میں 65 مسافر سوار تھے جن کی سرنوشت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰