رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام آغا علی رضوی نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی معاشرہ کی تعمیر و ترقی اساتذہ اور ڈاکٹر کی خدمات کے بغیر ممکن نہیں لیکن ہمارے ملک میں سب سے زیادہ ان دونوں پیشوں سے تعلق رکھنے والوں کی بے توقیری کی جاتی ہے۔ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ اساتذہ اور ڈاکٹر ز کو بھی حقوق کے لیے سڑکوں میں آنا پڑتا ہے اور جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں اساتذہ کی بے توقیری کے ساتھ ساتھ انکا معیار زندگی بھی قابل رحم ہوتا ہے جبکہ وہ قوم کی تابناک مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ جی بی میں این آئی ایس اساتذہ کے مسائل ایک بڑے عرصے سے لٹکے ہوئے ہیں اور انہیں دلاسے پے دلاسے دئیے جارہے ہیں۔ صوبائی حکومت ان کے ساتھ انصاف کرے اور ان کے مسائل حل کرے۔ ان کے علاوہ کنٹرکٹ پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کے مطالبات کو فوری طور حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کسی طور صوبائی حکومت کے حق میں نہیں کہ ہر مسئلے پر عوام احتجاج کرے۔ بہت سار ے مسائل ایسے ہیں جنہیں حل کرنے کے حکومت کو خود سے کردار ادا کرنا چاہیے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں تعلیم اور صحت پر توجہ دے اور دونوں محکموں میں موجود خامیوں کو دور کرے۔ ان دونوں شعبوں کو نظر انداز کرنا قوم کے ساتھ خیانت ہے۔ گلگت بلتستان کے عارضی ڈاکٹرز نے دور دراز علاقوں میں خدمات سرانجام دیں ہیں، انکی خدمات کو فراموش کسی صورت نہیں کیا جاسکتا۔ /۹۸۹/ ف۹۴۰