رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی اوراسلامی تحریک انصار اللہ نے کہا ہے کہ یمنی فوج اور قبائل نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران 214 سعودی عرب کے حملہ آوروں اور کرائے کے فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ یمنی فورسز اور قبائل نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں پر 200 سے زائد میزائل فائر کئے ہیں۔
انصار اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فروری کے مہینے میں سعودی حملہ آوروں اور کرائے کے فوجیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 69 سعودی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ سعودی اتحاد اور منصور ہادی سے وابستہ 145 فوجیوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ دشمن کے ہتھیاروں کے تین گوداموں کو تباہ کیا گیا ۔ ان کارروائیوں کے دوران دشمن کی 20 بکتر بند گاڑیوں ، 5 ٹینکوں اور 125 دوسرے جنگی وسائل کو تباہ کردیا گیا۔
بیان کے مطابق اسلامی تنظیم انصار اللہ نے دشمن کے 51 حملوں کو ناکام بنایا جبکہ دشمن کے خلاف 48 مرتبہ گوریلا حملے کئے گئے اور اسے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان پہنچایا۔ انصار اللہ کا کہنا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ میں سعودیوں اور اس کے اتحادیوں کی شکست یقینی ہےکیونکہ یمنی عوام اپنی سرزمین پر سعودیوں کے ناپاک وجود کو کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ اور چند دوسرے ملکوں کی حمایت سے مارچ 2015 سے یمن پر جارحیت شروع کا سلسلہ جاری رکھا ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ یمن کے محاصرے کے بعد اس ملک میں انسانی المیہ رونما ہورہا ہے لیکن اس کے باوجود سعودی عرب اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے۔ /۹۸۹/ ف۹۷۸