رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی کا کہنا تھا کہ اس مبارک دن کو عالمی یوم خواتین قرار دیا جانا چاہیے۔
انصار اللہ کے سربراہ کے پیغام میں دشمنوں کی جانب سے اسلامی تہذیب و ثقافت پر شب خون مارے جانے کی کوششوں کے تدارک کے لے ٹھوس اور موثر اقدامات کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ثقافتی جنگ، فوجی حملے سے کہیں زیادہ خطرناک ہے۔
عبدالملک بدارالدین الحوثی نے انسانیت کے دشمنوں اور ان کے سرخیل امریکہ اور اسرائیل کی اندھی پیروی کے بارے میں خـبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ناجائز سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر عورت کی منزلت کو گرا کر اسے ایک نمائشی شے میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل نے اسلامی دنیا اور خاص طور سے مسلمان خواتین سے اپیل کی کہ وہ دشمنوں کے حیلوں اور چالوں سے پوری طرح ہوشیار رہیں۔
عبدالملک بدرالدین الحوثی نے سعودی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سخت اور دشوار حالات میں یمنی خواتین کے صبر و استقامت اور ایثار و قربانی کے جذبے کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے شہر باقم کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں کم سے آٹھ بے گناہ شہری شہید اور چودہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
یمنی فوج نے سعودی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے صوبے جیزان میں گھات لگا کر متعدد سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
یمنی فوج کے اسنائپروں کی فائرنگ میں متعدد سعودی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ سعودی فوج کی متعدد گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے وسطی صوبے البیضا میں بھی سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۷۶