رسا ںیوز ایجنسی کی المیادین سے کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی سے روسی صدر ولادیمیر پوتین کے شام کے امور میں خصوصی نمائندے الیگزینڈر لاورنتیف نے اچانک اور غیر اعلانیہ دورے کے دوران ملاقات اور گفتگوکی۔ اس ملاقات میں شام کی تازہ ترین صورتحال ، شام پر اسرائیل کے فضائی حملے اور شام کے خلاف امریکی فوجی حملے کے منصوبے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گيا۔ اطلاعات کے مطابق شام میں ٹی 4 ايئر پورٹ پر اسرائیل کےفضائی حملے میں بعض ایرانی اور شامی فوجی مشیروں کی شہادت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گيا۔ اس سے قبل روس نے امریکہ کو شام پر فوجی حملے کے سلسلے میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام پر امریکی فوجی حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق روس نے ماسکو میں اسرائیل کے سفیر کو وزارت خارجہ ميں طلب کرکے شام پر فضائی حملے کے بارے میں وضاحت بھی طلب کی ہے۔ ادھر روس کے فوجی حکام نے اپنی فوج کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا حکم دیدیا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰