رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ آج علی الصبح سعودی عرب کے جنوب میں واقع سرحدی علاقے الحد میں کیا گیا جس میں 6 سعودی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے اسی طرح کل بھی سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان پر سعودی فوجی چھاونیوں پر 8 میزائل داغے۔ یہ حملے کل سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا میں شہید صالح علی الصماد کے جلوس جنازہ کے موقع پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کئے گئے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، امریکہ کی حمایت سے اتحاد قائم کر کے مارچ دو ہزار پندرہ سے علاقے کے سب سے غریب، اسلامی اور عرب ملک یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اس ملک کے دسیوں ہزار عام شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوئے اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات بالکل تباہ ہو چکی ہیں۔
تاہم یمن کی فوج اور عوام کی استقامت کی وجہ سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو ابھی تک اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ /۹۸۹/ف۹۴۰/