رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے عوام نے ملک بھر میں نکالی جانے والی ریلیوں کے بعد منظور کی جانے والی قرارداد میں ٹرمپ کے جنون آمیز اقدامات اور بہانے تراشیوں کو امریکی حکمرانوں کی سامراجی ذہنیت کا ثبوت قرار دیا۔
اس قرار داد میں آیا ہے کہ جرائم پیشہ امریکہ، اسلام کے خلاف محاذ آرائی، ایران کے مقدس اسلامی نظام کو ختم کرنے اور خطے پر اپنا شیطانی تسلط جمانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
ایران بھر میں نکالی جانے والی امریکہ مخالف ریلیوں کے اختتامی بیان میں امریکہ کو موجودہ صدی کا ام الفساد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کی مخاصمانہ پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے سامراج مخالف امنگوں کی تقویت اور ام الفساد یعنی امریکہ کے خلاف استقامت و مزاحمت کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔
ایران کے عوام نے امریکہ مخالف ریلیوں کے اختتام پر تاکید کی ہے کہ انہیں عہدشکن امریکہ کے اتحادیوں کی حثیت سے یورپی یونین کے کرتادھرتاؤں پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔
بیان میں ایرانی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یورپ کے ساتھ مذاکرات میں پوری ہوشیاری کا مظاہرہ کریں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور مضبوط ضمانتین حاصل کریں۔
ایران بھر میں نماز جمعہ کے بعد نکالی جانے والی ریلیوں میں شریک کروڑوں ایرانیوں نے امریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکہ کی عہدشکنی کی شدید مذمت کی۔
اس موقع پر ایران کے نو سو پچاس سے زائد شہروں کی فضائیں امریکہ مردہ باد کے نعروں سے گونج رہی تھیں۔ دارالحکومت تہران میں بھی ہزاروں نمازیوں نے امریکہ مردہ باد کے نعرے لگا کر ٹرمپ کے جنون آمیز اقدامات کی مذمت کی۔
پچھلے دو روز کے دوران ایران کی یونیورسٹیوں اور دینی مدارس کے طلبہ و طالبات نے بھی ایسے مظاہرے اور ایٹمی معاہدے کے حوالے سے امریکہ کی عہد شکنی مذمت کرتے ہوئے اعلی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ امریکہ کی شرپسندی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے لازمی تدابیر اختیار کریں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰