رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس کے مشرقی علاقے پرغاصب صیہونی حکومت کی گولہ باری میں کم از کم دو فلسطینی شہید اورکئی دیگر زخمی ہو گئے۔
فلسطین کے مقامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے جنوب میں خان یونس اور رفح میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے ٹھکانوں پر گولہ باری کے علاوہ بمباری بھی کی ہے۔
غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ خان یونس کے مشرقی علاقے پر صیہونی فوج کے اتوار کے روز کے حملے میں پچّیس اور اٹھائیس برس کے دو فلسطینی نوجوان شہید ہوئے ہیں۔
غزہ، دو ہزار چھے سے صیہونی حکومت کے محاصرے میں ہے جس کی بنا پر اس علاقے میں فلسطینی عوام کو ایک المیے کا سامنا ہے جبکہ تیس مارچ سے جاری فلسطینیوں کے واپسی مارچ پر بھی غاصب صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت میں اب تک ایک سو بیس فلسطینی شہید اور ہزاروں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/