رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ جمعہ کو ملک بھر میں’’ یوم ختم نبوت‘‘ منایا جائے گا۔ ریاست مدینہ کا علمبردار عمران خان آئین اور ختم نبوت کے منکر عاطف خان کی تقرری منسوخ کرے، وزیراعظم اور اس کے ساتھی ختم نبوت کے معاملے کی حساسیت اور نزاکت کا احساس کریں، آئین کے باغی عاطف خان کی برطرفی کا مطالبہ انتہاپسندی نہیں آئین پسندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت غیر مسلم قرار پانے کے بعد قادیانیوں کا مسلمان ہونے پر اصرار کرنا ریاست کے آئین اور قانون سے انحراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عاطف میاں کے معاملے کا بروقت نوٹس نہ لیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع ہو سکتی ہے، چند انتہا پسند نہیں کروڑوں عاشقان رسول عاطف میاں کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ عمران خان معیشت ٹھیک کرنے کے چکر میں اپنی عاقبت خراب نہ کرے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں تنظیمات اہلسنت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ختم نبوت کے منکر اور آئین کے باغی کو اقتصادی مشاورتی کونسل میں شامل کرنا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ہم کسی کی خوشنودی کے لئے تاجدار ختم نبوت سے بے وفائی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قادیانی دوسری اقلیتوں کی طرح آئین و قانون کی پابندی کریں اور خود کو غیر مسلم تسلیم کر لیں تو ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کے علاوہ ہر مسلمان پر لازم ہو گا۔ فواد چوہدری نے عاطف میاں کے مخالفین کو انتہا پسند قرار دے کر حماقت کی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ 7 ستمبر کو ملک بھر میں‘‘ ختم نبوت‘‘ کے موضوع پر خطابت جمعہ دیئے جائیں گے اور جمعہ کے اجتماعات میں قادیانی عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے الگ کرنے کی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔
اجلاس سے مفتی محمد مقیم خان، علامہ حامد سرفراز، مولانا محمد اکبر نقشبندی، پیر معاذ المصطفے قادری، علامہ ارشد مصطفائی، علامہ نعیم جاوید نوری، مفتی محمد حبیب قادری، راؤ حسیب احمد نے بھی خطاب کیا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/