08 October 2018 - 14:34
News ID: 437349
فونت
سنی اتحاد کونسل:
چیئرمین کونسل کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں یمن کا مسئلہ بھی اٹھانا چاہیئے تھا، یمن میں سعودی مظالم کی انتہا ہوچکی ہے، ملک انتقامی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت سیاست بازی چھوڑ کر عوام کے مسائل پر توجہ دے۔
سنی اتحاد کونسل

 رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت کے پہلے پچاس دن میں اقدامات نہیں صرف اعلانات ہوئے ہیں، ضمنی الیکشن گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے، نیب کو غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی، حکومتی حلقوں میں پاکستانی طالبان سے مذاکرات کے اشارے تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردوں کیساتھ مذاکرات برداشت نہیں کرے گی، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرے، کالعدم جماعتوں کا پھر سے متحرک ہونا خطرناک ہے، عمران خان کی ٹیم ناقص اور ناتجربہ کار ہے، نئی حکومت پہلے پچاس دنوں میں ڈلیور نہیں کرسکی، عمران خان سے وابستہ قوم کی توقعات ٹوٹنا شروع ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کو نہیں غربت کو ختم کرے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے، نئی حکومت پچھلی حکومت کی ڈگر پر نہ چلے، قوم کو ابھی تک نئی اور پرانی حکومت میں فرق نظر نہیں آیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت ایران اور سعودی عرب کیساتھ تعلقات میں توازن قائم کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں یمن کا مسئلہ بھی اٹھانا چاہیئے تھا، یمن میں سعودی مظالم کی انتہا ہوچکی ہے، ملک انتقامی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت سیاست بازی چھوڑ کر عوام کے مسائل پر توجہ دے۔ پاکستانی طالبان سے مذاکرات کے فیصلے کی ڈٹ کر مخالفت کریں گے، 70 ہزار پاکستانیوں کے قاتل کسی رحم اور رعایت کے مستحق نہیں، حکومت خارجہ پالیسی پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے، حکومت نے سو روزہ پلان پر عمل نہ کیا تو زیرو ہو جائے گی۔

قوم عمران خان کے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس ہزار گھروں کے وعدے کی تکمیل کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، منی بجٹ نے ہر غریب گھر کا بجٹ خراب کر دیا ہے، وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے قرض لینے کا عندیہ دے کر قوم کو مایوس کیا ہے، ہم حزب احتساب کا کردار ادا کریں گے، ضمنی الیکشن کے بعد سیاست نیا رخ اختیار کرسکتی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬