07 November 2018 - 21:44
News ID: 437598
فونت
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں رسول اکرم (ص) کے یوم رحلت و وفات اور نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم شہادت نیز آٹھویں امام حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
حرم امام رضا علیہ السلام

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کی شب شہادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جہوریہ ایران میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران میں عزاداری کا سب سے بڑا اجتماع مشہد مقدس میں بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضاعلیہ السلام میں دیکھا جا رہا ہے جہاں ایران اور دنیا بھر سے آئے ہوئے دسیوں لاکھ زائرین موجود ہیں اور روضہ رضوی کے تمام صحن اور راہداریاں عزاداروں سے چھلک رہی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی روضہ مبارک کے اطراف کی تمام شاہراہوں پر لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں نوخہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب رواں دواں ہیں۔

قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی لاکھوں ملکی اورغیر ملکی زائرین عزاداری اور سینہ زنی میں مصروف ہیں۔ شہر قم اور مضافاتی علاقوں سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد ہو کر بارگاہ حضرت فاطمہ معصومہ کی جانب رواں دواں ہیں۔

دارالحکومت تہران کی تمام مساجد و امامبارگاہوں اور اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار، رسولۖ اور آل رسول (ع) کی مصیبتوں کو یاد کر کے اشک غم بہا رہے ہیں۔

شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضے میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے اور شہر اور اس کے اطراف سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دے رہی ہے۔

عراق کے مختلف علاقوں سے لاکھوں عراقی رسول اکرم(ص)کے یوم رحلت اور نواسہ رسول حضرت حسن (ع) کے یوم شہادت اور فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا علیہ اسلام کی شب شہادت کی مناسبت سے پرسہ دینے کے لئے امیر المومنین حضرت علی علیہ الصلوات و السلام  اور اسی طرح کربلا، کاظمین و سامرا میں واقع ائمہ اطہار علیہم السلام کے روضہ ہائے مبارک میں موجود ہیں۔

نجف اشرف سمیت عراق کے مختلف مقدس شہروں سے ہمارے نمائندوں نے بتایا ہے کہ روضہ امیرالمومنین (ع) میں لاکھوں ملکی اور غیر ملکی زائرین پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے یوم وفات اور نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبی(ع) اور فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ اسلام کی شہادت کا پرسہ دینے میں مصروف میں۔

اس رپورٹ کے مطابق عراق کے مختلف علاقوں سے کئی دن پہلے سے ہی عزادار حضرت رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے نواسے حضرت امام حسن اور حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات و السلام کی عزاداری میں شرکت کے لئے نجف اشرف پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس وقت روضہ امیرالمومنین حضرت علی (ع) اور اس کے اطراف کی سڑکیں عزاداروں اور ماتمی دستوں سے مملو ہیں۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ نجف اشرف میں زائرین اور عزاداروں کی سیکورٹی کے لئے پولیس کے ساتھ ساتھ عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
اسی کے ساتھ شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کے دیگر شہروں میں بھی رسول اکرم(ص)کے یوم رحلت اور نواسہ رسول حضرت حسن (ع) کے یوم شہادت اور فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا علیہ اسلام کی شب شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ اور ماتمی دستوں کے برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ / ۹۸۸/ن ۹۴۰

 

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬