رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قومی قائدین سیاست نہیں ریاست بچانے کی فکر کریں، پاکستان کو شام، عراق اور لیبیا کی طرح خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی عالمی سازش کی جا رہی ہے، بیرونی سازشوں کے مقابلہ کیلئے اندرونی اتحاد ضروری ہے، حکمت سے عاری حکومت ناکامی کی طرف بڑھ رہی ہے، عمران خان بھی نواز شریف کی طرح نادان دوستوں میں پھنس گئے ہیں، چین سے معاہدوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہونیوالی گالی گلوچ اور ہاتھا پائی سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، حکومت کی طرف سے عید میلادالنبی کے موقع پر انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے، وزیراعظم عید میلادالنبی کے موقع پر ملک میں نفاذ نظام مصطفے کا اعلان کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ربیع الاول کے پورے مہینے کو ناموس رسالت سے منسوب کیا جائے گا، نئی حکومت میں کشکول کا سائز بڑھ جانا المیہ ہے، قرضوں کی بھیک مانگ کر زیادہ دیر ملک چلایا نہیں جا سکتا، حکومت ربیع الاول شروع ہونے سے پہلے گرفتار کئے گئے بے گناہ عاشقان رسول کو رہا کرے، حالیہ دھرنوں کے دوران سازش کے تحت توڑ پھوڑ کروائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ ناموس رسالت مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی، ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے، سیکولر لابی دینی جماعتوں کیخلاف سازشوں سے باز آ جائے، حالیہ دھرنوں کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے واقعات اہلسنت کو بدنام کرنے کی سازش تھی، اہلسنت کا پُرامن تشخص ختم نہیں ہونے دیں گے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰