رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نامور عالم دین و انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید باقر الحسینی نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ دنیا میں جہاں جہاں مظالم ڈھائے جارہے ہیں ہم آواز بلند کریں گے۔ ہم کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
کشمیر کی آزادی کیلئے جتنی قربانیاں ہم دے رہے ہیں اتنی آزاد کشمیر کے عوام نے نہیں دیں۔ ہم کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کیخلاف 5 فروری کو بھرپور طریقے سے احتجاج کریں گے۔
آغا باقر حسینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی صوبے کے قیام کیلئے وفاقی حکومت آئین میں ترمیم کیلئے بل اسمبلی میں پیش کرے۔ عبوری آئینی صوبہ ہمارا حق ہے اور اس حق سے ہرگز پیچھے نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بڑے مسائل ہیں۔ حکومت مسائل کے حل پر توجہ دیں اور لوگ جذبات پر قابو رکھیں۔ جذباتی فیصلے کبھی بھی قوموں کے مفاد میں نہیں ہوتے۔ عوام پرامن رہ کر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔
انہوں نے کہا کہ فورس کمانڈر احسان محمود سے ملاقات نہایت ہی مفید رہی۔ میجر جنرل احسان محمود خان نے آئینی حقوق کے بارے میں بہت ہی حوصلہ افزاء باتیں کی ہیں۔ اسکردو شہر میں پچھلے ہفتے پیدا ہونے والی صورتحال کو کنڑول کرنے کیلئے انجمن امامیہ نے اپنے طور پر بھرپور کردار ادا کیا اور انجمن امامیہ کی کوششوں کی بدولت حالات معمول پر آگئے۔
آغا باقر نے مزید کہا کہ جی بی میں کہیں کوئی خالصہ سرکار نہیں ہے۔ یہاں کی ساری زمینیں عوام کی ملکیت اور حریم ہیں۔ اس خطے کی زمینوں کیخلاف کوئی آپریشن برداشت نہیں کیا جائیگا۔ /۹۸۸/ن