04 March 2019 - 16:57
News ID: 439895
فونت
بہرام قاسمی:
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے دہشت گردی کے بارے میں مغرب کے دوہرے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ کی سلامتی دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران کی کوششوں کی مرہون منت ہے۔

رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ یورپی حکومتیں اور ان کی سیکورٹی سروسز بخوبی جانتی ہیں کہ یورپ کی آج سیکیورٹی و سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ایرانی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ فرانس اور دوسرے یورپی ممالک میں دہشت گرد گروہوں کے دہشت گردانہ اقدامات سے تشدد اور بدامنی میں اضافہ ہوا ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے خلاف ایران کی سنجیدہ کارروائی شام میں دہشت گردوں کی شکست کا باعث بنی اور عراق کو دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا گیا تاہم خطے میں دہشت گردوں کی باقیات اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے سنجیدہ عالمی عزم اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک جان لیں کہ یورپ میں دہشت گرد گروہوں کا پھیلاؤ ان ملکوں کی اپنی کارکردگی کا نتیجہ ہے کیونکہ ان ممالک نے ہمیشہ دہشت گرد گروہوں کی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت کی ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ یورپ میں دہشت گردوں کی خاص تعداد کی تربیتی مراکز میں تربیت ہوئی ہے جہاں انھیں مسلح اور منظم کیا گیا اور جو مالی مدد کے ذرائع انھیں فراہم کئے گئے وہی یورپ میں خوف و ہراس پیدا ہونے کا باعث بنے ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران، تمام دہشت گرد گروہوں کی مذمت کرتا ہے تاہم یورپی ممالک دہشت گردی کے حوالے سے دوہری پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے یورپ کی جانب سے دہشت گردی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی جس جگہ اور جس مقصد کے لئے بھی ہو قابل مذمت ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے شام کے صدر بشار اسد کے حالیہ دورہ تہران کے بارے میں کہا کہ اس دورے کا معنی و مفہوم مکمل واضح ہے اور یہ دورہ علاقے اور دنیا کے بعض ملکوں کو مکمل صحیح و شفاف پیغام کا حامل رہا اس لئے کہ دشمن کوشش کرتے رہے ہیں کہ دہشت گرد گروہ تشکیل دے کرشام میں قانونی حکومت کا تختہ پلٹ دیا جائے مگر وہ کامیاب نہیں ہوئے۔

انھوں نے اسی طرح ایران کے خلاف عالمی اجماع کے لئے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے دورہ کینبرا کے بارے میں آسٹریلیا کے میڈیا کی خبروں پربھی کہا کہ یہ اقدام، بولٹن کے معمول کا عمل ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ جان بولٹن ایرانوفوبیا کی بیماری میں مبتلا ہیں اور بنیادی طور پر ان کے معالجے کی اشد ضرورت ہے۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬