رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کا 57 واں یوم تاسیس ’’یوم تجدید عہد‘‘ کے طور پر سجاد آباد چھتہ بل سرینگر میں جوش و جذبہ سے منایا گیا۔
اس پروقار تقریب میں تنظیم کے مرکزی زعماء کے علاوہ ضلع، تحصیل، زونل اور یونٹ صدور کے علاوہ سینئر اراکین و بانی ممبران اور کثیر تعداد میں ممبران نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے بانی و سینئر حریت رہنماء مولانا محمد عباس انصاری نے کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے 57ویں یوم تاسیس کے موقعہ پر تنظیم سے وابسطہ تمام منتظمین، اراکین و عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قیام اتحاد المسلمین نہ فقط ایک تنظیم کا قیام تھا بلکہ یہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز اور محکومیت، جبر اور لاقانونیت کے خلاف قیام تھا جو الحمداللہ آج تک عزم و ہدف پر ثابت قدم ہے۔
مولانا عباس انصاری نے کہا کہ تاریخ کشمیر کے سیاہ ترین ادوار میں اتحاد المسلمین نے انتہائی کھٹن مشکل اور دشوار ترین مراحل طے کرکے اپنے قیام سے لیکر آج تک قومی و ملی ذمہ داریاں بحسن خوبی انجام دئے۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہا پروپیگنڈے، حربے، ہتھکنڈے اور ظلم و تشدد اتحاد المسلمین کو اپنے راستے سے نہ ہٹا سکے بلکہ تنظیم کے غیور، بہادر اور باہمت اراکین نے ہر محاذ پر ان تمام سازشوں و ظلم و بربریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کشمیریوں کے خلاف بے جا طاقت کا استعمال کررہا ہے اور این آئی اے و ای ڈی کو استعمال میں لاکر حریت رہنماوں کو بے بنیاد الزامات و من گھڑت کیسوں میں پھنسا کر انہیں ہراساں کررہا ہے۔
تقریب میں دیگر مقررین نے کہا کہ تاریخ کشمیر میں اتحاد المسلمین کے قیام کا دن ایک تاریخ ساز، مبارک اور غیر معمولی اہمیت کا حامل دن ہے۔ /۹۸۸/ ن