رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے اعتراض کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارت کے وزیراعطم نریندر مودی کو ملک کے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ سے نواز دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید نے سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ’ زاید میڈل‘ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پہنایا۔
یہ ایوارڈ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام سے منسوب ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو یہ ایوارڈ ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا جس کا رواں برس اپریل میں اعلان کرتے ہوئے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ تاریخی اور اسٹریٹیجک تعلقات قائم ہیں جسے مزید مضبوط کرنے میں پیارے دوست مودی کا بڑا ہاتھ ہے۔
متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ " آرڈر آف زاید " برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ ، روسی صدر پوتین اور چین کے صدر سمیت کئی عالمی رہنماؤں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں جہاں ان کا ولی عہد محمد بن زاید نے پُرتپاک استقبال کیا، مودی کے دورہ یو اے ای میں دونوں ملک کے درمیان کئی تجارتی معاہدے طے پائیں گے۔