رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی شعبہ خواتین سندھ کی ناظمہ عطیہ نثار نے ضلع کونسل ہال جیکب آباد میں خواتین کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا جسم میری مرضی خواتین کے استحصال کا نعرہ ہے، دین اسلام نے خواتین کو جو عزت دی ہے، وہ غیر ملکی ایجنٹوں کو برداشت نہیں ہو رہی، چند لوگ خواتین کی آزادی کی آڑ میں اخلاقی اقدار کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عطیہ نثار نے مزید کہا کہ عورت مارچ کے نام پر ملک میں بے حیائی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، عالمی یوم خواتین پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ خواتین کو وراثت میں حق کیلئے قانون سازی کی جائے، کاروکاری کی جاہلانہ رسومات کا خاتمہ کیا جائے، دفاتر اور صنعتی اداروں میں کام کرنے والی خواتین کو مردوں کے مساوی تنخواہ دی جائے، خواتین یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے، ذرائع ابلاغ کو عورت کی عزت و تکریم کا پابند کیا جائے، خواتین پر ظلم و تشدد کے مرتکبوں کو کڑی سزا دی جائے، تاکہ ایسے واقعات کی روک تھا کی جا سکے۔/۹۸۸/ن