رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کورونا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سید ابن علی کی رہائش گاہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ حمید حسین امامی، سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر آغا خان ہیلتھ سروس ڈاکٹر سید ذوالفقار علی شاہ، مصالحتی کمیٹی چیئرمین تھانہ استرزئی ملک منظر حسین، امامیہ کونسل کے رہنماء علامہ سید قیصر عباس الحسینی، علامہ باقر حسین، علامہ علم رضا، مجلس وحدت مسلمین صوبائی پولیٹیکل سیکرٹری حاجی خاکسار علی کے علاوہ علاقہ بھر کے مشران نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب انعقاد کا بنیادی مقصد عید الاضحیٰ، محرم الحرم اور موجودہ کورونا وباء کے تناظر میں جائزہ، تجاویز اور آئندہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا، مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ عوام عید الاضحیٰ کے لئے جانوروں کی خریداری کے وقت بھی تمام حفاظتی تدابیر کا خیال رکھیں اور محرم الحرم کے ایام میں عزاداری کا اہتمام نہایت احتیاط سے کریں تاکہ تمام عزاداران اور رضا کار بحفاظت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس میں خواتین اور مرد حضرات جن کی عمر 55 سال سے زیادہ ہوں یا ان کو دل سینے دمہ یا ذیا بیطس کی تکلیف ہو ان کے لئے بہتر یہی ہے کہ وہ شرکت نہ کریں، امام بارگاہوں میں مجالس کے دوران منتظمین اس بات کو یقینی بنائیں کہ عزاداروں اور حاضرین میں ہر ایک دوسرے سے کم ازکم چھ فٹ کے فاصلہ پر بیٹھیں۔ مجالس اور جلوس کے دوران تمام حاضرین ماسک لگائیں اور ہر داخلی اور خارجی راستوں میں ہاتھ دہونے کے لئے مناسب انتظام ہونا چاہئے۔/۹۸۸/ن