20 July 2020 - 12:08
News ID: 443229
فونت
بلتستان بھر میں 20 جولائی سے عشرہ اسد کی مجالس عزاء کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، سات ذی الحج کو گمبہ سکردو میں ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں اس لیے سیاسی و مذہبی تنظیموں نے سرگرمیاں منسوخ کر دی ہیں۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین، مسلم لیگ نون، پیپلزپارٹی، اسلامی تحریک سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے عشرہ اسد کے احترام میں 20 جولائی سے 31 جولائی تک بلتستان میں اپنی تمام تر سیاسی و انتخابی سرگرمیاں منسوخ کر دیں۔ تمام جماعتوں نے اپنے کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ 20 جولائی سے 31 جولائی تک عشرہ اسد کے احترام میں کسی قسم کی سیاسی و انتخابی سرگرمی نہ کریں اور تمام سیاسی انتخابی سرگرمیاں 10 روز کے لئے منسوخ کریں۔ بلتستان بھر میں 20 جولائی سے عشرہ اسد کی مجالس عزاء کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، سات ذی الحج کو گمبہ سکردو میں ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں لہٰذا عشرہ اسد کے دوران کسی مقام پر بھی سیاسی سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

مختلف جماعتوں کے قائدین کی جانب سے عشرہ اسد کے موقع پر جاری کئے گئے پیغامات میں کہا گیا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؑ اور ان کے باوفاء اصحاب و انصار نے کربلا کے میدان میں اسلام کی بقاء اور دین محمدی کی اصلاح کے لئے جو عظیم قربانیاں دی ہیں وہ پوری امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے، ہمیں واقعہ کربلا کے فلسفے پر عمل پیرا ہو کر اسلام دشمن طاقتوں کے سامنے نبرد آزما ہونا ہوگا اور اپنی صفوں میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہوگا۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ موجودہ حالات تقاضا کرتے ہیں کہ مسلمان آپس میں اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں، جب تک اتحاد کی فضاء قائم نہیں ہوگی تب تک اسلام دشمن طاقتون کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کورونا کے پیش نظر ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے عاشورہ اسد منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور عزاداروں سے نظم وضبط کا خیال رکھتے ہوئے جلوسوں میں شرکت کرنے کی استدعا کی ہے۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬