رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں مقیم سعودی عرب کی انٹیلیجنس کے سابق افسر سعد الجبری کو سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان نے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے سعودی عرب واپس آنے کی تاکید کی ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق سعد الجبری کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ کیونکہ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان اس سے قبل ترکی کے شہر استنبول میں سعودی عرب کے صحافی خاشقجی کو بھی قتل کرچکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعد الجبری نے محمد بن سلمان کے اقتدار میں آنے کے بعد جب یہ دیکھا کہ محمد بن سلمان اپنے تمام حریفوں کو ٹھکانے لگا رہے ہیں تو وہ خاموشی کے ساتھ سعودی عرب سے نکل گئے اور آجکل کینیڈا میں مقیم ہیں۔
محمد بن سلمان اسے سعودی عرب واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انٹرپول نے اس سلسلے میں سعودی عرب کی درخواست سیاسی اور انٹرپول کے قوانین کے خلاف قراردیتے ہوئے رد کردیا ہے ۔
محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ الجبری کرپشن میں ملوث ہے اور اسے وطن واپس آکر جواب د ینا ہوگا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق سعودی ولیعہد کے ایسے پیغام سامنے آئے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ سعد الجبری کی زندگی کو خاشقجی کی طرح خطرات لاحق ہیں۔