رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز فلسطین کے مختلف علاقوں میں متحدہ عرب امارات اور غاصب صیہونی ٹولے کے مابین ہونے والے امن معاہدے اور تعلقات کی باضابطہ برقراری کے خلاف مظاہرے ہوئے۔
مغربی کنارے کے فلسطینی باشندوں نے مظاہرے کے دوران متحدہ عرب امارات کے پرچم کو نذر آتش کر کے اسکی خیانت سے اظہار نفرت و بیزاری کیا۔
یاد رہے کہ بعض عرب ممالک کے پہلے سے ہی غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ خفیہ تعلقات رہے ہیں جو اب مکمل طور پر آشکار ہوتے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اس مجرمانہ اقدام سے امت مسلمہ اور خاص طور پر فلسطینی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اب فلسطین میں ہونے والے مظاہروں میں جہاں غاصب صیہونی ٹولے کے خلاف نعرے بازی ہوتی ہے وہیں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو لعن طعن بھی کیا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ خطے کی بعض رجعت پسند عرب حکومتیں اپنی بقا کو لے کر عوام کی جانب سے خوف و ہراس کا شکار ہیں اور اقتدار کے تحفظ کے لئے امریکہ و اسرائیل کے ساتھ اتحاد انکی مجبوری بن گئی ہے۔