رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق cحکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے کل دارالحکومت منامہ کے مغربی علاقے الدراز ٹاؤن سے معروف عالم دین سعید العصفور اور نامور خطیب عبدالجبار الدرازی کو گرفتار کیا ہے۔
ایسے وقت میں یہ گرفتاریاں ہوئی ہیں کہ جب بحرین کی شاہی حکومت کے مخاصمانہ اقدامات کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
چند روز قبل بحرین کی ظالم حکومت نے الدراز کے امام جمعہ محمد الصنقور کو حکومت پر تنقید کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔
منامہ کا الدراز ٹاؤن پچھلے کئی ہفتوں سے آل خلیفہ کی ظالم حکومت کے خلاف احتجاج کا مرکز بنا ہوا ہے اور ہزاروں بحرینی شہری شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت میں ان کے گھر کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔
بحرین کی حکومت نے بیس جون کو ایک حکم کے ذریعے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی جس کے بعد سے بحرین میں جاری عوامی تحریک میں ایک بار پھر شدت پیدا ہوگئی ہے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے شاہی خاندان کے خلاف عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں۔ اس ملک کے عوام سعودی عرب کی حمایت یافتہ خاندانی آمریت کے بجائے مکمل جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بحرین کی شاہی حکومت سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر عوام کی پرامن جمہوری تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے جس کے دوران ڈیڑھ سو بحرینی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔