رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کلچرل ھاوس لاھور پاکستان میں دھہ کرامت کی مناسبت سے منعقد تقریب میں لاہور میں مقیم ایران کے قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی، ایران کلچرل ھاوس لاھور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل اکبر برخورداری، تبسم نواز وڑائچ، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، پیر غلام رسول اویسی، جاوید اکبر ساقی، سید فرحت حسین شاہ، منھاج القرآن، علی رضا نقوی، رمضان سیالوی، امجد چشتی جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) صاحبزادہ بلال چشتی، پیر حبیب عرفانی سجادہ نشین دربار وجیہ السیما نے خطاب کیا۔
اس تقریب کے پہلے سیشن میں 15 سال سے کم عمر کے بچوں کے درمیاں حضرت امام علی ابن موسیٰ الرضا علیہ السلام اور حضرت معصومہ قُم سلام اللہ علیھا کی شان میں منقبت اور قصیدے پڑھنے کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔ اور دوسرے سیشن میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
منقبت اور قصیدہ خوانی کے مقابلے میں پورے لاہور سے مختلف سکولز اور مدارس کے بچوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر بچوں کے اساتذہ، والدین اور خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ججز کے فرائض مشہور منقبت منقبت خواں اور سوزخواں منصور جعفری اور محمد افضل ایمانی نے انجام دئیے۔
کاظم رضا نے پہلی پوزیشن، محمد رضا نے دوسری اور کاظمہ زینب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پوزیشنیں حاصل کرنیوالے بچوں کو نقد انعامات دئیے گئے۔
مقررین نے یہ کہتے ہوئے کہ امام علی رضا، اہلبیت کے ان اماموں میں سے ہیں جنہوں نے عمومی طور پر اپنی دانش اور علم اور اپنے شاگردوں کی تعلیم وتربیت اور مختلف موقعوں پر کئے جانیوالے سوالات اور جوابات، مباحثات اور علمی مناظروں کے ذریعہ اسلامی فکر کو مالا مال کیا کہا: تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی کہ ان ائمہ نے کسی دانشمند سے سبق لیا ہو بلکہ ان کی دانش کا سرچشمہ ان کے جد بزرگوار حضرت آنحضرت تھے جن سے انہوں نے وراثتاً علم حاصل کیا۔
اس موقع پر کتابوں اور تصاویر کی ایک خوبصورت نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا۔