رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سنی تحریک پاکستان کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے مرکز اہل سنت سے نکالی جانیوالی عظیم الشان وفائے پاکستان ریلی سے خطاب میں دہشت گردوں کے پاکستان اور اسلام مخالف بارودی نظریئے کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونے کی دعوت دی ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ ملک و قوم کو فرقہ پرستی، لسانیت، گروہ بندی اور تعصب پرستی کے خاتمہ سے آزادی دلانے کیلئے قومی پالیسی مرتب کرنی ہوگی اور تمام قوموں کو ان کے حقوق فراہم کرنا ہوں گے کہا: پاکستان مخالف ہر نظریئے کو قلم کی طاقت سے ختم کرنے کیلئے بانیان پاکستان کی اولادوں کو آگے آنا ہوگا، پاکستان کی بقاء اور سلامتی نظریہ پاکستان سے وابستہ ہے، پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے اور اسلام کے نفاذ سے ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلائی جاسکتی ہے ۔
پی ایس ٹی کے سربراہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دہشت گردوں کے پاکستان اور اسلام مخالف بارودی نظریئے کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہے کہا: حقیقی آزادی کا جشن اس وقت ہوگا جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔
انہوں نے آپریشن ضرب عضب اور ملکی سلامتی کیلئے شہید فوج کے جوانوں اور افسران کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا: ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہیں، آج پاکستان بچانے کے لیے پاکستان بنانے والے جذبے کی ضرورت ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے یہ بتاتے ہوئے کہ ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ذاتیات کے خول سے نکلنا ہوگا کہا: ملک و قوم کو فرقہ پرستی، لسانیت، گروہ بندی اور تعصب پرستی کے خاتمہ سے آزادی دلانے کیلئے قومی پالیسی مرتب کرنی ہوگی اور تمام قوموں کو ان کے حقوق فراہم کرنا ہوں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ وفائے پاکستان ریلی کا اختتام مزار قائد پر ہوا جہاں پاکستان سنی تحریک کے قائدین نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔