رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے موصل شہر میں عراقی فوج کی پیشقدمی کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔
موصل کے مشرقی سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم حیدر العبادی نے امید ظاہر کی کہ موصل کو بہت جلد داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موصول کے اندر عراقی اور داعشی دہشت گردوں کے درمیان سخت لڑائی کی توقع ہے تاہم فوج دہشت گردوں کا صفایا کردے گی ۔
عراقی وزیراعظم نے کہا کہ کاربموں، اسنائپروں اور بارودی سرنگوں کی وجہ سے عراقی فوج موصل کے اندر بہت احتیاط کے ساتھ پیشقدمی کر رہی ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج کا ایک دستہ دریائے فرات کے مغربی حصے سے پیشقدمی کرتا ہوا شمالی موصل میں چار کلومیٹر کے فاصلے پر موصل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
جنوبی سیکٹر کی جانب سے عراقی فوج نے داعشی دہشت گردوں کو حمام العیل شہر کے مرکزی علاقے سے بے دخل کردیا ہے۔
نینوا صوبے میں جاری فوجی کارروائیوں کے ایک کمانڈر ناجم الجبوری نے بتایا ہے کہ فوج نے حمام العیل شہر کے تقریبا تمام علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی فوج نے سترہ اکتوبر کو موصل کی آزادی کے لیے بڑے آپریشن کا آغاز کیا تھا جس میں عوامی رضاکار فورس اور کرد ملیشیا کے جوان بھی حصہ لیے رہے ہیں۔/۹۸۸/ن۹۴۰