سرینگر سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ انیس ہفتے کے بعد آج حکام نے سرینگر کی مرکزی مساجد میں نماز جمعہ کی اجازت دے دی۔ اس رپورٹ کے مطابق سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ میرواعظ عمر فاروق کی نظربندی کی وجہ سے کسی اور نے پڑھائی ہے۔ ہمارے نمائںدے نے بتایا ہے کہ میرواعظ عمر فاروق کو حکام نے ان کے گھر میں نظربند کر دیا تھا اور انہیں نماز جمعہ پڑھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس رپورٹ کے مطابق سرینگر، اور بڈگام کی مرکزی امام بارگاہوں میں بھی نماز جمعہ ادا کی گئی۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق نماز جمعہ کے بعد سرینگر کے تقریبا سبھی علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر مظاہرے شروع کر دیئے جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھے۔
اس رپورٹ کے مطابق مختلف علاقوں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی زبردست شیلنگ کی ہے اور بعض جگہوں سے فائرنگ کی بھی خبر ملی ہے۔
دوسری جانب کلگام میں مسلح علیحدگی پسندوں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کی بھی خبر ہے ۔ بعض رپورٹوں میں مارے جانے والوں کی تعداد تین بتائی گئی ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰