رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے گھوٹکی میں مجلس عزا سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا : چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر کروڑوں عاشقان اہل بیت (ع) کا سرزمین کربلا پر تاریخی اجتماع حال اور مستقبل کے حالات بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا: دشمنان اسلام کی تمام تر سازشوں کے باوجود نظام ولایت و امامت، یزیدیت کے خلاف ایک موثر عالمی تحریک میں تبدیل ہوچکا ہے۔ عصر حاضر کی یزیدیت کے مقابل آج عاشقان کربلا ہی سینہ سپر ہیں ۔
حجت الاسلام ڈومکی نے کہا : مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ، ہفتہ وحدت اور عید میلاد النبی ۖ کے مبارک موقع پر 18 دسمبر کو حیدر آباد میں تاریخی اجتماع کرنے جا رہی ہے، جس کا مقصد دہشت گردی اور نفرتوں کا خاتمہ اور اتحاد بین المسلمین کا فروغ ہے۔ لبیک یارسول اللہ ۖ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے رہنمائوں کو خصوصی دعوت دی جائے گی۔
دریں اثناء ضلع خیرپور میرس اور گھوٹکی کے ضلعی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا : 3 دسمبر کو جامشورو میں صوبہ سندھ کے تمام اضلاع اور تحصیل ذمہ داران کے لئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوگی، ورکشاپ میں قائد وحدت اور علمائے کرام کے درس، شعبہ جاتی تربیت اور گروپ ڈسکشن کے ساتھ تنظیمی فعالیت پر غور و خوض ہوگا۔؛/۹۸۸/ن۹۴۰