رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور کے سربراہ ذکر اللہ مجاہد نے اسرائیلی حکومت کی طرف سے مسجد اقصی میں نماز اور اذان پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبلہ اول میں اذان اور نماز پر پابندی عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسجد اقصی کی بندش کوئی معمولی واقعہ نہیں جسے نظر انداز کیا جائے، اسرائیلی حکومت خاص منصوبے کے تحت حرم قدسی پر اپنے پنجے مضبوط کر رہی ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناپاک صہیونی طاقتیں عالمی قوانین اور مذہبی آزادیوں کے منافی اقدامات کر رہی ہیں، اسرائیلی کفاروں نے کسی عام مقام کو بند نہیں کیا بلکہ قبلہ اول جو دنیا میں مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے کو بند کیا ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1967ء کے بعدجب سے اسرائیل نے القدس پر قبضہ کیا ہے، یہ پہلا موقع ہے جب قبلہ اول میں اذان دینے اور نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰