11 September 2017 - 21:31
News ID: 429906
فونت
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان:
کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ عالمی برادری برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے، برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان کے عوام مصیبت کی اس گھڑی میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔
 احتجاجی مظاہرہ

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برما میں روہنگیا مسلمانوں پر جاری انسانیت سوز مظالم کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر شاہین پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، راؤ ناصر علی اور اویس قادری نے کی۔

احتجاج میں مظاہرین کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی تصاویر اور مذمتی نعروں سمیت عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کی بے حسی کے خلاف نعرے آویزاں تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، قومی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے چیئرمین راؤ ناصر علی، شاہین پاکستان کے چیئر مین اویس قادری، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابومریم، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، معروف سماجی رہنما اتم پرکاش، ندیم شیخ، یوتھ پارلیمنٹ کے چیئرمین رضوان جعفر، یوتھ رہنما اویس ربانی، سبحان بیگ، شہزادی کنول، جاوید علی، مظہر احمد خان، طلحہ انور اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے، دنیا نے انسانیت کے اہم مسئلہ فلسطین کو فراموش کر دیا ہے تو نتیجہ میں کشمیر و افغانستان سمیت عراق اور برما جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں، برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام مصیبت کی اس گھڑی میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے برما کے مسلمانوں کے حق میں اور میانمار حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔/۹۸۸/ ن۹۴۰
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬