رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امن کی ثقافت کے زیرعنوان اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے عالمی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ فلسطینیوں کے مسلمہ حق من جملہ بیت المقدس سے انکار کی ہر قسم کی کوشش سے حالات کے خراب ہونے کے علاوہ کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، امریکہ اوراسرائیل کو اس قسم کے غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے خطرناک نتائج کا ذمہ دار سمجھتی ہے۔
غلام علی خوشرو نے مشرق وسطی میں ٹرمپ کی پالیسی کو منافقت پرمبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی حمایت کی وجہ سے فلسطینیوں کے مسلمہ حقق سے چشم پوشی کر کےعالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کے روزبیت المقدس کواسرائیل کا دارالحکومت قراردیا جس پرعلاقائی اورعالمی سطح پر سخت ردعمل آیا اور ایران سمیت دنیا بھر میں اس کی مذمت کی گئی اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰