15 December 2017 - 12:17
News ID: 432260
فونت
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس ٹی کے سینئر مرکزی رہنما شاہد غوری نے کہا کہ سعودی فرمانروا امریکا کیساتھ دفاعی معاہدے کر رہے ہیں، نریندر مودی کو اعلیٰ اعزازات سے نواز رہے ہیں، ہم سعودی عرب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکا کیساتھ دفاعی معاہدے ختم اور مودی کو دیئے جانے والے اعزازات واپس لئے جائیں۔
پاکستان سنی تحریک

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری سطح پر یوم القدس منانے کا اعلان کرے، 17 دسمبر کو کراچی میں ایم اے جناح روڈ قطب عالم شاہ بخاری کے مزار سے عظیم الشان تحفظ بیت المقدس ریلی نکالی جائے گی، جو امریکی قونصلیٹ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی، ملک بھر کے تمام سیاسی و مذہبی حلقوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے القدس کے خلاف امریکی اور اسرائیلی یہودی سازشوں کو مکمل اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنائیں گے، القدس کی آزادی اور فسلطینیوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھی جائے گی، عالم اسلام کے حکمران اور اسلامی فوجی اتحاد امت مسلمہ کے عوام کی خواہشات اور مفادات کو فوقیت دیں، امریکا کے خلاف جرأت مندانہ مؤقف اختیار کریں، حکومت پاکستان نے اس مسئلے پر جرات مندانہ مؤقف اختیار نہ کرکے غلامانہ ذہنیت کی عکاسی کی ہے، جس پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ مرکز اہلسنت کراچی میں مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد طیب قادری، محمد مبین قادری، فہیم الدین شیخ اور محمد شہزاد قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد غوری نے کہا کہ آج امریکا نے امت مسلمہ کے خلاف واضح جنگ کا اعلان کیا ہے، حکمرانوں کو خواب غفلت سے جاگنا ہوگا، امت مسلمہ کے عوام زندہ اور بیدار ہیں، لیکن حکمران امریکا کی غلامی اور پالیسی میں لگے ہوئے ہیں، دنیا بھر میں امریکا کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ اور سفارتی سطح پر امریکا کے خلاف محاذ امت مسلمہ کا ایک اسلامی بلاک قائم کیا جائے۔

شاہد غوری نے کہا کہ آج بدقسمتی سے امت مسلمہ کے باہمی اختلافات کی وجہ سے امریکا کو اس بات کی ہمت ہوئی کہ وہ القدس کے اوپر وار کرے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے امریکا کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے کی ضرورت ہے، امریکی صدر کے اس فیصلے سے موجودہ صورتحال اس بات کی طرف اشارہ کر رہی ہے کہ پوری دنیا میں تیسری جنگ عظیم برپا ہو سکتی ہے، اس وقت عراق، افغانستان، کشمیر، فلسطین کے خلاف صہیونی لابی متحد ہو چکی ہے، اس وقت پورے عالم اسلام اور امریکی عوام کو چاہیئے کہ امریکی صدر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، ایسا نہ ہو کہ تیسری جنگ عظیم چھڑ جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے فرمانروا خود کو حرمین شریفین کا خادم سمجھتے ہیں، لیکن ان کا عمل یہ ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدے کر رہے ہیں، اسلحے کی خرید و فروخت کر رہے ہیں اور بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ اعزازات سے نواز رہے ہیں، اگر تمہارا رویہ یہی رہا تو تمہارے خلاف بھی اسی طرح کے فیصلے ہوں گے، ہم سعودی عرب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدے ختم اور مودی کو دیئے جانے والے اعزازات واپس لئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 17 دسمبر بروز اتوار کو تحفظ بیت المقدس ریلی قطب عالم شاہ بخاری کے مزار اقدس سے متصل سنی تحریک کے شہید قائدین و شہدائے میلاد کے مزارات سے شروع ہو کر امریکی قونصلیٹ پر اختتام پذیر ہوگی، جہاں امریکی سفارتکاروں کو مذمتی قراداد پیش کی جائے گی، ہم کراچی کی انتظامیہ کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہمارا احتجاج پُرامن ہے، لہٰذا ہمیں ہمیں جمہوری حق استعمال کرنے سے نہ روکا جائے، اگر ہمیں روکا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬