رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ایک جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی بحران میں امریکہ اور برطانیہ ملوث ہیں جو نہایت شرمناک ہے جبکہ یہ ممالک دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگا کر اپنے مکروہ اقدامات کو چھپانا چاہتے ہیں.
بیان کے مطابق، امریکہ اور برطانوی مندوبین نے گزشتہ روز سلامتی کونسل کی نشست میں ایک بار پھر ایران کے خلاف من گھڑت الزامات کو دہرایا جس کا اصل مقصد یمن کی خستہ حالت پر پردہ ڈالنا ہے.
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایسی منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے سعودی عرب اور اس کے جنگی رویہ رکھنے والے اتحادی دنیا میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں. یہ ممالک شرمناک اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے یمن میں جاری بحران کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں.
یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت چوتھے سال میں داخل ہو چکی ہے۔ سعودی عرب نے چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
یمن کے محاصرے کے نتیجے میں اس غریب عرب ملک کو دواؤں اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے اور اس ملک کے عوام کو مختلف قسم کے امراض کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰